Skip to product information
1 of 1

Nehajul blagah | نہج البلاغہ

Nehajul blagah | نہج البلاغہ

Regular price Rs.1,500.00 PKR
Regular price Rs.2,000.00 PKR Sale price Rs.1,500.00 PKR
Sale Sold out

الحمد للہ ثم الحمد للہ۔۔۔
نہج البلاغہ حضرت امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ افضل الصلوٰۃ والسلام کے ملفوظات کا وہ فقید المثال مجموعہ ہے جسے اعجاز بلاغت کے پیش نظر علامہ سید رضی طاب ثراہ نے مختلف کتابوں سے جمع کیا تھا۔ رب ذوالجلال کا ہزار شکر ہے کہ اُس نے جامعہ تعلیمات اسلامی پاکستان کو اس عظیم کتاب کو جدید انداز سے ترتیب و تشکیل دینے کی سعادت بخشی جس میں بلاغت ، لطافت اور سلاست کے جوہر نمایاں ہیں۔ اس کام کے لئے ’’ نہج البلاغہ ‘‘ کے دستیاب اردو تراجم کا انتہائی دقت کیساتھ مطالعہ کیاگیا اور علامہ مفتی جعفر حسین طاب ثراہ کے ترجمے کو منتخب کیا کیونکہ یہ ترجمہ اپنی بے شمار خوبیوں کی بنا پر عوام میں بہت مقبول ہے۔جبکہ متن ڈاکٹر صبحی صالح مصری کی مرتب کردہ نہج البلاغہ کاہے جو کم سے کم اغلاط کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔
زیر نظر نہج البلاغہ میں کلام امیرالمومنین علیہ السلام کی عربی عبارت اور سید شریف رضیؒ کی تشریحات کتاب کے دائیں صفحےRecto پر اور اُس کا اسی قدر ترجمہ بائیں صفحے Verso پر دیا گیا ہے تاکہ قاری ترجمے کا اصل عبارت سے تقابل کر سکے نیز چاہے تو معرّا اور چاہے تو صرف ترجمہ روانی کے ساتھ پڑھ سکے۔ مترجم کے حواشی کلام امامؑ سے علیحدہ کرکے کتاب کے آخری حصے میں شائع کئے گئے ہیں۔ ہر حاشیہ کا نمبر ترجمے کے فقروں میں متعلقہ جگہ پر درج کیا گیا ہے تاکہ قاری اگر چاہے تو اُسے نمبروار تلاش کرکے آسانی سے پڑھ سکے۔
خطبات ، مکتوبات اور مختصر کلمات کے آخر میں بنیادی حوالہ مخفف صورت میں درج ہے۔ کتاب کے آخر میں ’’ مصادر ‘‘ کے عنوان سے قائم باب میں کتاب اور اس کے مصنف کا نام سن ہجری کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے تاکہ قارئین زمانی تسلسل میں مصادر کو دیکھ سکیں۔ اِس کے لئے علامہ ذیشان حیدر جوادی صاحب کی کتاب سے استفادہ کیا گیا ہے۔
نہج البلاغہ کے ممتاز سنی محقق جناب ڈاکٹر صبحی صالح ؒ کے نسخے کی روشنی میں موضوعات کی انفرادی شناخت کی خاطر خطبات کے درمیان میں بھی عنوانات قائم کئے گئے ہیں۔ قارئین کی وسعتِ علم کی غرض سے موجودہ کتاب میں ’’ نہج البلاغہ ‘‘ سے متعلق ڈاکٹر صاحب کا ایک مضمون بھی شاملِ اشاعت کیا گیا ہے۔
حضرت فخر المحققین سید العلماء سید علی نقی نقوی طاب ثراہ جن کا ’’ مقدمہ ‘‘ اِس کتاب کی زینت ہے ، اُن کے ایک نایاب علمی رسالے ’’ نہج البلاغہ کا استناد ‘‘ کو بھی اپنی علمی اہمیت و افادیت کے پیش نظر موجودہ اشاعت کا حصہ بنایا گیا ہے۔ زیر نظر اشاعت میں ’’ نہج البلاغہ ‘‘ کی شرحوں کی ایک فہرست بھی شائع کی جا رہی ہے نیز نہج البلاغہ کا ’’ اشاریہ ‘‘ بھی اس کتاب میں شامل ہے جسے بڑی احتیاط سے مرتب کیا گیا ہے۔ اِس اشاریے میں آیات و احادیث ، موضوعات ، شخصیات ، جنگ و غزوات ، مقامات ، حیوانات ، نباتات ، جمادات ، معدنیات ، کواکب ، اشعار اور فکریات کی تفصیلات شامل ہیں۔
سابقہ اشاعتوں میں کتابت کی جو اغلاط نظر آئیں اُن کو اس اشاعت میں درست کرنے کی طرف توجہ دی گئی ہے اور متن میں جہاں کوئی کمی یا تکرار تھی اُس کی بھی اصلاح کردی گئی ہے۔ اِس کتاب میں اگر آپ کو کوئی غلطی نظر آئے تو اس کی نشاندہی ضرور کیجئے تاکہ اگلی اشاعت میں اُسے دور کیا جا سکے۔
طباعت و اشاعت کے حوالے سے جامعہ اب تک مختلف زبانوں میں تقریباً دو سو مستند اور مفیدکتابیں چھاپ چکی ہے مگر زیر نظر ’’ نہج البلاغہ ‘‘ کی اشاعت جامعہ تعلیمات اسلامی پاکستان کی طباعتی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی اور اِن شاء اللہ اپنی صوری و فنی خصوصیات کی بنا پر عوام میں خوب پذیرائی حاصل کرے گی۔ یہ کتاب مومنین کے لئے اس سال کا بہترین تحفہ ہے۔

View full details